حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے سیلاب متاثرین کے تباہ شدہ مکانات اور مساجد کے سروے کے سلسلے میں صوبۂ بلوچستان پاکستان کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی اور انجمن حسینیہ کے نمائندے جناب امداد حسین نے سیلاب سے متاثرہ مکانات اور مساجد کا وزٹ کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ متاثرین سیلاب گذشتہ کئی ماہ سے مشکلات کا شکار ہیں جب کہ حکومت نے متاثرین سیلاب کی بحالی اور تعمیر نو کے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔ متاثرین سیلاب کے مکانات کی تعمیر احسن اقدام ہے جس کے لئے اہل خیر کو آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چہ سیلاب متاثرہ اکثر علاقے اب خشک ہو چُکے ہیں اور کاروبار زندگی رواں دواں ہے مگر اب بھی دس فیصد علاقے میں پانی کھڑا ہے۔ یعنی کئی دیہات ابھی تک زیر آب ہیں۔ سخت سردی کے موسم میں غریب لوگوں کو کمبل اور گرم کپڑوں کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات کی خدمت کرنا عظیم عبادت ہے۔